گڑھی خدا بخش (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا یوم ولادت آج سادگی سے منایا جائے گا، گڑھی خدابخش میں قرآن خوانی ہوگی جبکہ وزیرعلیٰ سندھ قائم علی شاہ لاڑکانہ میں کیک کاٹیں گے، سیاست کوڈرائنگ روم سے نکال کرسڑکوں پر لانے والے عوامی لیڈر بھٹو کی زندگی پر نظر ڈال رہے ہیں۔ قائد عوام کا لقب پانے والے ذوالفقارعلی بھٹو 5 جنوری 1928ء کو لاڑکانہ ميں پيدا ہوئے۔ کيلیفورنیا اور آکسفورڈ سے قانون کی تعلیم حاصل کی اور 1963 ءميں یوبی کابینہ میں وزیر خارجہ بنے تاہم سیاسی اختلافات پر حکومت سے کنارہ کشی اختیار کرکے ترقی پسند دوستوں کے ساتھ مل کر 30 نومبر 1967 ءکو پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی۔
پیپلز پارٹی سماجی انصاف، سوشلسٹ نظریات اور جمہوریت کے فروغ پر مبنی منشور کے باعث دن بدن مقبول ہو تی گئی۔ 1970 ءکے الیکشن میں زیڈ اے بھٹو نے روٹی ،کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا، انتخابات میں کامیاب ہوکر اقتدار سنبھالا تو ملک دولخت ہو چکا تھا،جس کی وجہ سے سویلین مارشل لاءایڈمنسٹریٹر اور پھر 1971 ءسے 1973 ءتک پاکستان کے صدر رہے، 1973 ءسے 1977 ءتک منتخب وزيراعظم رہے۔
بھٹو دور میں پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے لئے کئی اقدامات کیے گئے۔ تاہم مبینہ داخلی اور خارجی سازشوں کے نتیجے میں جنرل ضیاء نے منتخب حکومت کا تختہ الٹا اور قتل کے الزام ميں مقدمہ چلا کر 4 اپریل 1979 کو انہیں تختہ دار پر تو لٹکا دیا مگر بھٹو کے آفاقی نظریات کو ختم نہیں کیا جاسکا۔