کراچی (جیوڈیسک) متحدہ کے قائد الطاف حسین نے سلمان تاثیر کی برسی کی تقریب پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ، متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ سلمان تاثیر کے برسی کی تقریب پر حملہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوٹیجز موجود ہیں، حملہ آوروں کی شناخت کی جائے اور انہیں گرفتار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں نے قاتلوں کے حق میں نعرے لگائے، حملہ آوروں نے ثابت کیا کہ وہ ملک میں تشدد چاہتے ہیں اور آپریشن ضرب عضب کو ناکام بنانا چاہتے ہیں۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ طالبان سے متعلق میرے بیانات کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا
کئی بار ملک میں طالبانائزیشن کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کرچکا ہوں، اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ملک سے طالبانائزیشن کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام امن پسند افراد اپنے محلوں میں امن کمیٹیاں بنائیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو سیکورٹی فراہم کی جائے۔