افغانستان کی منڈی پاکستان کے ہاتھ سے نکلنے کا خدشہ ہے: ڈاکٹر مصطفی

Poultry

Poultry

لاہور (جیوڈیسک) ضلعی انتظامیہ پشاور کی جانب سے پولٹری مصنوعات کی افغانستان برآمد پر پابندی کے خلاف پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے شدید احتجاج کیا ہے۔ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نارتھ زون کے چیئر مین ڈاکٹر محمد مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پشاور انتظامیہ کی جانب سے اس پابندی کے باعث افغانستان کی منڈی پاکستان کے ہاتھ سے نکلنے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ایک طرف بھارت، برازیل اور امریکہ کو پولٹری اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء افغانستان برآمد کرنے کے لئے راہداری فراہم کر رہی ہے ، دوسری طرف مقامی صنعت پر پابندی عائد کر کے اس سے اس کا بنیادی حق چھینا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر مصطفی کمال نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت کو ہدایت کرے کہ وہ پولٹری مصنوعات کی برآمد سے فوری پابندی ختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پولٹری کے پیرنٹ سٹاک کا صرف 10 فیصد پاکستان میں استعمال ہوتا ہے، بقیہ 90 فیصد افغانستان برآمد کیا جاتا ہے، جو اس پابندی کی وجہ سے رک گیا ہے۔