ارجنٹائن (جیوڈیسک) ارجنٹائن ڈاکار ریلی کے پہلے مرحلے میں برطانوی رائیڈر نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا جبکہ کار ریس میں قطری ڈرائیور نے میدان مار لیا۔ ارجنٹائن میں سیزن کی پہلی ڈاکار ریلی کا زور و شور سے آغاز ہو گیا۔
موٹر بائیک ریس کے پہلے مرحلے میں 175 کلومیٹر کا فاصلہ مکمل کرنے کے لیے شرکا نے خوب جوش و خروش دکھایا۔ برطانیہ کے سام سندر لینڈ نے شاندار رائیڈنگ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ وہ مقررہ فاصلہ ایک گھنٹہ ، اٹھارہ منٹ ستاون سیکنڈز میں مکمل کر کے سرفہرست رہے۔
پرتگال کے پائولو گونسالویز کی دوسری اور سپین کے مارک کوما کی تیسری پوزیشن رہی۔ ادھر کار ریس کا پہلا راؤنڈ 170 کلومیٹر کے فاصلے پر مشتمل تھا جس میں 2011 کے چیمپئن قطر کے نصیر ال عطیہ زبردست ڈرائیونگ کے ساتھ تیز ترین ڈرائیور قرار پائے۔
انہوں نے ایک گھنٹہ بارہ منٹ اور پچاس سیکنڈز میں فنشنگ لائن عبور کی ، بائیس سیکنڈز کے فرق سے میزبان ملک کے اورلینڈو دوسرے اور امریکہ کے روبی گورڈن تیسرے نمبر پر رہے۔