اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی کے خلاف وفاق کی اپیل ابتدائی سماعت کیلئے مقرر کر دی ، جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ چھ جنوری کو کیس کی سماعت کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک نے ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف وزارت داخلہ کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت کیلئے بینچ تشکیل دیدیا ہے۔
جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کا دو رکنی بینچ وفاق کی اپیل پر سماعت کل چھ جنوری کو کرے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممبئی حملہ کیس میں ذکی الرحمان لکھوی کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا ۔