واشنگٹن (جیوڈیسک) ایک امریکی کمپنی نے اپنی بیئر کے کین اور بوتلوں پر بھارت کے رہنماء مہاتما گاندھی کی تصویر شائع کی ہے جس پر تنازع کے بعد کمپنی نے معافی مانگ لی ہے۔
کمپنی نے حیدر آباد کی ایک عدالت میں اس کے خلاف دائر کی جانے والی ایک درخواست کے بعد معافی مانگی ہے۔ عدالت میں داخل کی جانے والی درخواست میں کمپنی پر مہاتما گاندھی کی توہین کا الزام لگایا گیا تھا۔
تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس کے ذریعے مہاتما گاندھی کے ساتھ عقیدت اور احترام کے جذبے کا اظہار کرنا چاہتے تھے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ موہن داس کرمچند گاندھی کی تصویر کی اشاعت کے لئے اس نے مہاتما گاندھی کے پڑپوتے اور پڑپوتیوں سے بات بھی کی تھی جنھوں نے کین اور بوتل پر لیبل کی تعریف کی تھی۔ اس بیئر برانڈ کا نام ’گاندھی باٹ‘ ہے۔
وکیل سنیاری جناردن نے عدالت میں دائر درخواست میں کہا تھا کہ بیئر کے کین پر گاندھی کی تصویر اور ان کی تفصیل بھارتی قوانین کے تحت قابل سزا جرم ہے۔ پٹیشن کے مطابق یہ جرم پریونشن آف انسلٹس ٹو نیشنل آنر ایکٹ، 1971ء اور تعزیرات ہند کی دفعہ 124-اے کے تحت آتا ہے۔