ورلڈکپ میں محمد عرفان سابق کرکٹر وسیم اکرم جیسی بولنگ کا خواب دیکھنے لگے

Mohammad Irfan

Mohammad Irfan

کراچی (جیوڈیسک) محمد عرفان ورلڈ کپ میں وسیم اکرم جیسی کارکردگی دکھانے کا خواب دیکھنے لگے۔ پیسر کا کہنا ہے کہ غیر معمولی لمبے قد کی بدولت اٹھتی ہوئی گیندیں ٹاپ پلیئرز کو بھی الجھن کا شکار کر دیتی ہیں، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی سازگار پچز پر یادگار کارکردگی پیش کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق فاسٹ بولر محمد عرفان نے امید ظاہر کی ہے کہ ورلڈ کپ 1992 میں سابق پیسر وسیم اکرم کے کارناموں کی تقلید کرتے ہوئے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں شاندار پرفارمنس دکھائیں گے۔ ایک انٹرویو میں طویل القامت بولر نے کہا کہ میرا خواب ہے کہ اس بار میگا ایونٹ میں ویسی ہی کارکردگی دہراؤں جس کا مظاہرہ سابق کپتان نے 22 سال قبل کرتے ہوئے پاکستانی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ وسیم اکرم میرے آئیڈیل ہیں، بولنگ کا انداز ان جیسا کرتے ہوئے کامیابیاں سمیٹنا چاہتا ہوں، انھوں نے کہا کہ سابق پیسر اور وقار یونس کی جوڑی ہر فاسٹ بولر کیلیے ایک مثال ہے۔

دونوں کے مشوروں پر عمل کرکے اپنی بولنگ ہتھیاروں میں جدت اور نکھار لانے کی پوری کوشش کر رہا ہوں، غیر معمولی لمبے قد کی بدولت زیادہ فاصلے سے اور اٹھتی ہوئی گیند کرنے کی وجہ سے بہت سے ٹاپ پلیئر بھی الجھن کا شکار ہوجاتے ہیں، انھوں نے کہا کہ دنیا کے بہترین بیٹسمینوں کا سامنا کرنے میں بھی کسی قسم کی مشکل نہیں ہوتی بلکہ حریف تیز ترین بولنگ کے باعث خوف کا شکار ہو جاتے ہیں، عرفان نے کہا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی پچز میرے لیے انتہائی سازگار ہونگی، وہاں اپنی کارکردگی یادگار بنانے کیلیے بیقرار ہوں، ایک سوال پر پیسر نے کہا کہ مجھے فٹنس کے کوئی مسائل نہیں ہیں۔

پینٹنگولر کپ کے میچز سے ردھم حاصل کرنے میں مدد مل رہی ہے، ورلڈکپ کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے کیلیے تیار ہوں، انھوں نے کہا کہ دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں کی موجودگی میں یہ مہم قطعی طور پر آسان نہیں ہوگی، البتہ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی کارکردگی میں تسلسل ہو تو پاکستان ایک بار پھر حریفوں کو حیران کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔