گلگت بلتستان اور چترال میں برفباری، رابطہ سڑکیں بند

Snow

Snow

گلگت بلتستان (جیوڈیسک) گلگت بلتستان اور چترال میں برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔پنجاب کے بیشتر شہر دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد ہے۔

گلگت بلتستان میں غذر، استور اور ہنزہ نگر سمیت مختلف علاقوں میں 2روز سے وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ برفباری کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں جس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

چترال کے سب ڈویژن مستوج کے ہیڈکوارٹر بونی میں برفباری کے بعد موسم شدید سرد ہوگیا ہے۔ پنجاب میں ملتان، خانیوال، میاں چنوں، سرگودھا اور فیصل آباد سمیت مختلف علاقوں میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔

بالائی علاقوں میں بادل چھائے رہنے کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان اور مالاکنڈ ڈویژن کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔