فیصل آباد (جیوڈیسک) ضلع میں فارم ٹو مارکیٹ روڈز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 1300 سے زائد سڑکوں کی مرمت، بحالی وکشادہ تعمیر کے منصوبوں پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کی طرف سے فراہم کردہ ترجیحات کے تحت منصوبہ بندی کی جائے گی۔ یہ بات ڈی سی اونورالامین مینگل نے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کے دوران بتائی جس میں ارکان قومی اسمبلی میاں محمد فاروق، رجب علی بلوچ، ڈاکٹر نثارجٹ، جعفر علی ہوچہ، نعیم اﷲ گل،احسن فتیانہ اور دیگر ارکان اسمبلی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر سکیموں پر عملدرآمد کرنے والے محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈی سی او نے فارم ٹومارکیٹ روڈز کی بحالی سے متعلق حکومت پنجاب کی گائیڈلائینز کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ارکان اسمبلی سے کہا کہ وہ دیہی عوام کی سہولت کے لئے شدید ضرورت کی حامل مرمت طلب سڑکوں کی ترجیحات سے آگاہ کریں تاکہ ان منصوبوں پر بلاتاخیر عملدرآمد کیا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے سے موجود 10 فٹ چوڑی فارم ٹومارکیٹ روڈ کو 12 فٹ تک کشادہ کیا جائے گا جبکہ مرمت وبحالی کے لئے مجوزہ سڑکوں کی ٹکڑوں میں مرمت وبحالی کی بجائے پوری سڑک مکمل کی جائے گی۔ڈی سی اونے کہاکہ ضلع میں دیہی وشہری علاقوں کی تعمیر و ترقی کے لئے یکساں توجہ دی جارہی ہے۔ ارکان اسمبلی نے اجلاس کے دوران اپنے حلقوں میں شدید ضرورت کے بعض ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کی اور کہا کہ فارم ٹومارکیٹ روڈز کی مرمت وبحالی کے لئے وہ جلد اپنی تجاویز فراہم کردیں گے۔