کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں امن و امان کا قیام ممکن نہیں بنایا جا سکا۔ بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی ابھی تک شناخت نہیں ہوسکی۔
پہاڑ گنج کے قریب ہونے والی فائرنگ نے ایک شخص کی جان لے لی جس کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ شاہ لطفی ٹاؤن سے بھی ایک خاتون کی لاش ملی ہے۔
ادھر لیاری کے علاقے بغدادی میں پولیس مقابلے کے بعد گینگ وار کا اہم ملزم عقیل جدگال مارا گیا ہے۔ ملزم کا تعلق عزیر بلوچ گروپ سے بتایا جاتا ہے۔ ملزم قتل، اغواء اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔
دوسری جانب سہراب گوٹھ تھانے کے علاقے افغان بستی میں پولیس پٹرولنگ جاری تھی کہ دو موٹر سائیکل سواروں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے دو پولیس اہلکار کانسٹیبل اصغر حسین اور محمد حسین شہید ہوگئے۔ واقعہ کے بعد ملزم فرار ہوگئے۔ دوسری طرف گلشن معمار میں سدرن بائی پاس کے قریب خفیہ اطلاع پر سی آئی ڈی پولیس نے چھاپہ مارا۔
کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں تین دہشتگرد گل پیر خان، نور عالم اور امیر محمد مارے گئے۔ انچارج سی آئی ڈی خرم وارث کے مطابق ہلاک دہشتگرد سکول پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ہلاک دہشتگردوں سے آئی ای ڈی ڈیوائس اور دھماکا خیز مواد سمیت دیگراسلحہ برآمد ہوا۔