شہباز نگر میں صحت وصفائی سے متعلق آگاہی واک کا انعقاد

Walk

Walk

فیصل آباد (جیوڈیسک) منیجنگ ڈائریکٹر واسا انجینئر سید زاہد عزیز نے کہا ہے کہ زندگی خدا کی دی ہوئی امانت ہے۔ صحت اور صفائی کے اصولوں پر عمل کرنے سے ہم خدا کی اس امانت کو محفوظ اور خوشگوار بنا سکتے ہیں۔ کوئی بھی منصوبہ اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتا جب تک کمیونٹی اس میں شامل نہ ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہباز نگر میں صحت اور صفائی سے متعلق آگاہی واک اور علاقہ معززین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی امجد اعوان ،ڈی او کمیونٹی اور ڈی او ماحولیات کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ایم ڈی واسا نے کہا کہ شہباز نگر میں دو کروڑ کی لاگت سے واسا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ رواں ماہ کام شروع کر دیگا۔ اس پلانٹ سے استعمال شدہ پانی ٹریٹمنٹ کے بعد فصلوں کیلئے دستیاب ہو گا۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے واسا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہباز نگر سمیت دیگر کم آمدنی والے علاقوں میں عوام کی آگاہی سے متعلق ایسے اقدامات کرنا موجودہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔