سرگودھا (جیوڈیسک) ضلع بھر کے 80 فیصد دیہی علاقوں میں نہروں کی بندش کو 10 گزر نے کے باوجود بھل صفائی مہم شروع نہ ہونے سے زمینداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ حکومت کی جانب سے بھل صفائی کے لئے نہریں بند کر دی گئیں مگر ان کی صفائی کا عمل اکثر علاقوں میں تاحال شروع نہیں ہو سکا۔
کچھ علاقوں میں زمیندار اپنی مدد آپ کے تحت بھل صفائی کروا رہے ہیں جبکہ محکمہ کے ذمہ داروں کی جانب سے دیگر علاقوں میں بھی زمینداروں کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ راجباہوں اور نہروں کی بھل صفائی کے لئے لوگ فراہم کریں۔ کاشت کاروں نے کہا ہے کہ زمیندار طبقہ پہلے ہی پس کر رہ گیا ہے۔
محکمہ انہار کی جانب سے آبیانہ مالیہ تو وصول کر لیا جاتا ہے مگر بھل صفائی ابھی تک شروع نہیں ہو سکی۔ مزید تاخیر ہوئی تو زمینداروں کو پورا پانی فراہم نہیں ہو سکے گا جس سے آئندہ سال فصلیں متاثر ہونگی۔