وزیرآباد (جیوڈیسک) غلط اندراج کے باعث امداد نہ ملنے پر متاثرین سیلاب کا وزیرآباد کے کچہری چوک میں احتجاج، امدادی رقم بینک کو موصول لیکن بغیر نادرا تصدیق کے تقسیم نہ ہو سکی۔ تفصیلات کے مطابق مقامی انتظامیہ اورپٹواریوں نے حالیہ سیلاب کے متاثرین کی فہرست تیار کی تو اس میں بعض کے نام غلط اور بعض کے شناختی کارڈ نمبر غلط درج کر دیئے گئے جس کی وجہ سے نادرا آفس کی جانب سے متاثرین کی بروقت تصدیق نہ ہو سکی۔
امدادی رقم بینک کو موصول تو ہو گئی لیکن تصدیق کا عمل بروقت مکمل نہ ہونے کی وجہ سے تقسیم نہ ہو سکی۔ گزشتہ روز سیکڑوں متاثرین سیلاب بینک پہنچ گئے لیکن ان کی تصدیق کرنے والا کوئی نہیں تھا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ نادرا دفتر تصدیقی سرٹیفکیٹ جار ی کرے، ان کو فوری ادائیگی کی جائے اور غیر ذمہ داران کے خلاف کا ر روائی کی جائے۔
انتظامیہ کی مداخلت پرنادرا کی موبائل گاڑی وہاں پہنچی اور تصدیق کا کام شروع ہوا تو مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کر دیا۔ تصدیقی عمل شروع ہونے کے بعد امدادی رقم کی تقسیم کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔