شکاگو (جیوڈیسک) امریکہ میں برف اور سیلاب دونوں شہریوں پر برس پڑے، جبکہ غزہ اور بیت المقدس میں موسم سرما کی پہلی برفباری سے سردی بڑھ گئی۔ مشرقی امریکہ کی ریاستیں سخت برفانی طوفان کا شکار ہیں، شکاگو میں درجہ حرارت منفی 25 ڈگری تک گر گیا۔
شدید برفباری کی وجہ سے نظام زندگی رک گیا ہے، ہوائی اور زمینی ٹرانسپورٹ دونوں بند ہیں۔ قریب 2000 افراد برف ہٹانے میں مصروف ہیں۔ واشنگٹن میں سیلاب کی وجہ سے سڑکوں پر پانی کا قبضہ رہا، گاڑیاں اور گھر سب پانی میں ڈوبے رہے۔
شہریوں کو تیز بارشوں کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ اور مزید سیلاب کا خطرہ ہے۔ غزہ اور مقبوضہ بیت المقدس میں سردیوں کی پہلی برف زمین کو چھو چکی ہے۔ متعدد تعلیمی ادارے برفانی طوفان کے باعث بند ہوچکے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس اور مضافات میں 4 انچ تک برف پڑنے کا امکان ہے۔