فوجی عدالتوں کا قیام دہشتگردی کے خلاف مستحسن قدم اور وقت کی ضرورت ہے : امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) دہشتگردی کے باعث قومی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے جبکہ عوام بد ترین احساس عدم تحفظ سے دوچار ہیں اور آئین و قوانین کا ناپید ہوتا ہوا احساس وطن عزیز کو ان مسائل سے دوچار کر رہا ہے جن کی وجہ سے عوام میں خود کشیوں کا رجحان فروغ پارہا ہے ان حالات سیاسی و فوجی قیادت کی جانب سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اقدام اٹھاتے ہوئے آپریشن ضرب عضب کا آغاز یقینا مستحسن اقدام ہے اور اب 21ویں آئینی ترمیم اور فوجی عدالتوں کا فیصلہ سیاسی قیادت کا قوم کیلئے تحفہ ہے جس پر محب وطن روشن پاکستان پارٹی قوم کو مبارکباد پیش کرتی ہے۔

محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے 21ویں ترمیم پر قوم اور تمام سیاسی جماعتوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ فوجی عدالتوں کے قیام سے تیزرفتار ٹرائل کے ذریعے قومی دشمنوں کے کیفر کردار تک پہنچنے اور دہشتگردی کے خاتمے کی امید پیدا ہورہی ہے مگر فوجی عدالتوں کے حوالے سے سینیٹ میں وزیراعظم کا یہ بیان کہ” فوجی عدالتوں میں صرف وہی مقدمات چلیں گے جن کا فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی “صرف فکر انگیز ہی نہیں بلکہ مستقبل ‘ انصاف اور دہشتگردی سے نجات کے حوالے سے یقینا ایسے شکوک و شبہات کو بھی جنم دے رہا ہے جن کی وجہ سے قوم سخت پریشان ہے اسلئے حکومت کو اس حوالے سے قوم کو مکمل اعتماد میں لینا چاہئے کیونکہ اب قوم دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے مزید کسی منافقت کو نہ تو برداشت کرسکتی ہے اور نہ ہی کسی سیاسی چال یا منافقت کی متحمل ہوسکتی ہے۔