منامہ (جیوڈیسک) بحرین میں مقیم پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا قومی مشاورت سے عسکریت پسندوں کیساتھ مذاکرات کئے جو بے نتیجہ رہے۔
دہشت گردی نے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ ضرب عضب کے بعد واہگہ اور پشاور کے اندوہناک واقعات پیش آئے۔ دہشت گردوں کو سزا دینے کے لیے فوجی عدالتیں بنا رہے ہیں۔
وزیر اعظم نواز شریف نے کہا بھارت نے عجیب بہانے بنا کر میٹنگ منسوخ کی دوطرفہ مذاکرات کیلئے میٹنگ منسوخ نہیں ہونی چاہیے تھی۔ نواز شریف نے کہا بھارتی وزیر اعظم نے میرے ساتھ اچھی باتیں کی تھیں۔
نریندر مودی کے ساتھ مذاکرات بحال کرنے پر بھی اتفاق ہوا تھا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا بجلی کی کمی پاکستان کے لیے سنگین ترین مسئلہ بن چکا ہے۔ بجلی کا مسئلہ حل کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا توانائی کمی کے باعث سرمایہ کاری اور درآمدات متاثر ہو رہی ہیں۔ رکاوٹوں کے باوجود کوشش ہے کہ پاکستان کو مشکلات سے نکالیں۔
وزیراعظم نے پاکستانیوں سے گفتگو کے دوران خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ کہ حکومت لاہور کراچی موٹروے پر کام جلد شروع کرنے والی ہے۔