کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے میں کالعدم تنظیم کے 10 دہشت گرد ہلاک

Dead Bodies

Dead Bodies

کراچی (جیوڈیسک) سہراب گوٹھ، ناظم آباد اور اسٹیل ٹاؤن میں پولیس مقابلوں میں کالعدم تنظیموں کے 10 دہشت گرد مارے گئے، سہراب گوٹھ میں ہلاک ہونے والے ملزمان کاتعلق بین الاقوامی عسکری تنظیم القاعدہ اور کالعدم لشکر جھنگوی سے تھا۔

ملیرڈویژن کی پولیس پارٹی نے سہراب گوٹھ کے علاقے حسن نعمان کالونی کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کیا توایک گھر میں موجودملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی ، پولیس نے ملزمان کی پناہ گاہ پر چاروں طرف سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 7 ملزمان مارے گئے، پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزمان کی لاشیں تحویل میں لے کران کے قبضے سے3پستول، 3کلاشنکوف، 3 دستی بم اور 2 کلو دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا، ہلاک ہونے والے ملزمان کی لاشیں عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئیں۔

ایس ایس پی ملیرڈویژن راؤ انوارنے بتایاکہ انھیں انٹیلی جنس کے ذریعے اطلاع ملی تھی کہ حسن نعمان کالونی میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد موجود ہیں اور شہر میں دہشتگردی کی منصوبہ بنارہے ہیں،جس پر انھوں نے ملیرڈویژن کی پولیس اورریپڈ رسپانس فورس کے کمانڈوز کی 500 سے زائد نفری کے ہمراہ مدینہ کالونی کا محاصرہ کر لیا اور سرچ آپریشن شروع کیا۔

پولیس بکتر بند گاڑیوں سے بھی لیس تھے، علاقے کے تمام داخلی و خارجی راستے سیل کرنے کے ساتھ ندی کے راستے پربھی پولیس کا پہرہ لگا دیا گیا تاکہ ملزمان فرار نہ ہوسکیں، پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن جاری تھاکہ ایک مکان سے پولیس پر فائرنگ شروع کردی گئی، ہلاک ہونیوالے ملزمان کاتعلق القاعدہ اور کالعدم لشکر جھنگوی سے تھا۔