بغداد (جیوڈیسک) عراق میں پولیس کی دو چیک پوسٹوں پر خودکش حملوں میں اہلکاروں سمیت 28 افراد ہلاک، 40 سے زائد زخمی ہو گئے، اتحادی ممالک کے داعش پر فضائی حملوں کی تعداد ڈیڑھ ہزار سے بڑھ گئی،تین ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
عراق میں دارالحکومت بغداد کے مضافات اور سمارا شہر میں پولیس کی دو چیک پوسٹوں کو خودکش حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ پہلا حملہ بغداد کے مضافات میں قصبہ یوسفیہ کی ایک چیک پوسٹ پر کیا گیا جہاں ایک کار سوار خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 4 اہلکاروں سمیت 13 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 22 سے زائد زخمی ہو گئے۔
دوسرا حملہ سمارا شہر میں چیک پوسٹ پر کیا گیا جہاں ایک ٹرک سوار خودکش حملہ آورنے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 3 اہلکاروں سمیت 15 افراد ہلاک اور 18 سے زائد زخمی ہو گئے۔دونوں چیک پوسٹوں پر خودکش حملے رش کے اوقات میں کئے گئے۔ حملوں میں کئی گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
دریں اثنا امریکہ کی قیادت میں عالمی اتحادی ممالک کی جانب سے اب تک شام اور عراق میں داعش پر 1676 فضائی حملے کئے جا چکے ہیں جن میں پانچ ہزار بم برسائے گئے حملوں میں تین ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا اور ان میں سینکڑوں ٹھکانے، ٹینک اور گاڑیاں تباہ ہوئیں۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے مطابق فضائی حملوں میں داعش کے 58 ٹینک،184 حموی بکتربند گاڑیاں، 303 پک اپ ٹرک، 26 آرمرڈ گاڑیاں اور 394 دوسری گاڑیاں تباہ ہوئیں۔ زیادہ تر ٹینک اور گاڑیاں امریکی ساختہ تھیں اور داعش نے عراقی اور شامی فوج سے چھینی تھیں۔
امریکی فوج کے ترجمان کرنل سٹیون وارن نے صحافیوں کو بتایا کہ فضائی حملوں میں داعش کو بہت نقصان اٹھانا پڑا۔امریکی حکام کے مطابق فضائی حملوں کے باعث عراق میں داعش کی پیشقدمی رک چکی ہے اور اسکی آزادانہ نقل و حرکت کی صلاحیت کو بھی محدود کر دیا گیا ہے۔