لندن (جیوڈیسک) برطانوی خفیہ ایجنسی کے سربراہ نے انکشاف کیا ہے کہ القاعدہ تنظیم برطانیہ میں پیرس طرز کے حملے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں 3 منصوبے ناکام بنائے گئے ہیں۔
ایم آئی فائیو کے ڈائریکٹر جنرل اینڈریو پارکر کا کہنا ہے کہ القاعدہ کی جانب سے برطانیہ میں حملے کے خطرات بڑھتے جارہے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں دہشت گردی کے3 منصوبے ناکام بنائے گئے ہیں تاہم کوئی منصوبہ کامیاب ہونے کا امکان مسترد نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ شام میں القاعدہ کی برانچ حملے کی منصوبہ بندی کررہی ہے جس میں عراق اور شام سے واپس آنے والے برطانوی شدت پسندوں کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ایم آئی فائیو کے سربراہ نے کہا کہ دہشت گرد منصوبوں میں مسافر طیارے کو اڑانے، ممبئی حملے کی طرز پر پر ہجوم مقامات پر فائرنگ یا گاڑیوں کے ذریعے ٹارگٹڈ کارروائیاں شامل ہیں۔
دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر بندرگاہوں پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی، لندن کے سینٹ pancras اسٹیشن کے یورو اسٹار ٹرمینل پر پولیس کا گشت بھی بڑھادیا گیا ہے۔ ایم آئی فائیو کے اہل کاروں نے مشتبہ برطانوی شدت پسندوں کی نگرانی بھی شروع کردی ہے۔