رانا تنویر نے ایاز صادق سے عمران خان کی شادی کا کھانا کھلانے کی فرمائش کر دی

Rana Tanveer, Ayaz Sadiq

Rana Tanveer, Ayaz Sadiq

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں کپتان کی شادی کا چرچا، سپیکر صاحب! عمران خان کی شادی کا کھانا کھلائیں، رانا تنویر کا مطالبہ، دوسری شادی عمران خان کرے اور کھانا میں کھلاؤں، ایاز صادق کا جواب، عمران خان کے سہرے سجانے کی خبر کی بازگشت قومی اسمبلی میں بھی گونجتی رہی، رانا تنویر نے سپیکر سے شادی کی دعوت دینے کا مطالبہ کر دیا۔

چئیرمین تحریک انصاف رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے، ان کی دوسری شادی کی خبر پر قومی اسمبلی کا اجلاس بھی کشت زعفران بنا رہا۔ ایوان میں دلچسپ تبصرے ، اور مکالمے ہوتے رہے۔

سپیکر ایاز صادق اور اراکین اسمبلی کے درمیان خوشگوار جملوں کے تبادلے نے مسکراہٹ بکھیر دی۔ رانا تنویر نے سپیکر قومی اسمبلی سے کہا کہ عمران خان ان کے دوست ہیں ، اس لیے وہ ان کی شادی پر اراکین کی دعوت کریں۔ جس کے جواب میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ شادی عمران خان نے کی ہے تو وہ کیوں کھانا کھلائیں ؟ مسلم لیگ فنکشنل کے غوث بخش مہر کا کہنا تھا کہ رانا تنویر عمران خان کی شادی پر بہت خوش ہورہے ہیں لگتا ہے وہ بھی دوسری شادی کرنا چاہتے ہیں ، سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ رانا تنویر دوسری شادی کرنا چاہتے ہیں تو کر سکتے ہیں۔