غیر رسمی بولنگ ٹیسٹ کیلئے بھارت کے بجائے انگلینڈ کو ترجیح دوں گا، سعید اجمل

Saeed Ajmal

Saeed Ajmal

کراچی (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے جادوگر اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ وہ رواں ماہ کے آخر میں غیر رسمی بولنگ ٹیسٹ کے لئے جائیں گے لیکن اس بار وہ بھارت نہیں بلکہ انگلینڈ جانے کو ترجیح دیں گے۔

سعید اجمل نے کہا کہ رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے غیر رسمی بولنگ ٹیسٹ کے لئے چنائی نہیں بلکہ انگلینڈ جائیں گے اور وہ پرامید ہیں کہ اس بار ان کا بولنگ ایکشن کلیئر قرار دے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ بار غیر رسمی ٹیسٹ میں ان کے بولنگ ایکشن میں نمایاں بہتری نظر آئی تھی جس کے بعد انہوں نے اس پر مزید محنت کی اور اب وہ پرامید ہیں کہ اس بار ان کے نتائج مثبت ہوں گے اور ان کی تمام گیندیں آئی سی سی کی جانب سے مقررہ 15 ڈگری کی حدود کے اندر ہوں گی۔

سعید اجمل کا کہنا تھا کہ انہوں نے نئے ایکشن سے متعدد نئی گیندوں پر کام کیا ہے اور وہ تمام سے ہی وکٹیں لے سکتے ہیں اس لئے وہ اپنی صلاحیتوں کے حوالے سے ہرگز پریشان نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں دوبارہ واپسی کے بعد وہ اپنے نئے ایکشن کے ساتھ اتنے ہی کارگر ہوں گے جتنے پہلے تھے تاہم اس وقت ان کی تمام توجہ نئے بولنگ ایکشن کو بہتر سے بہتر بنانے پر ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی نے گزشتہ سال اگست میں سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دے کر ان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند کردیئے تھے۔