وزیرآباد کی خبریں 10/01/2015

وزیرآباد(تحصیل رپورٹر)بار بار مطالبات کے باوجود نواحی علاقہ ویروکی کے مکینوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوئی بھی سیاسی شخصیت حرکت میں نہ آسکی۔ اہل علاقہ کو درپیش سب سے بڑا مسئلہ سوئی گیس کی سہولت نہ ہونے کا ہے جبکہ مین پائپ لائن سے دوردراز واقع دیہاتوں دھونکل، منظور آباد، بھروکی، خسڑے اور دیگر مقامات پر گزشتہ ایک دہائی سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود سوئی گیس فراہم کردی گئی ہے جبکہ جی ٹی روڈ سے ایک فرلانگ سے بھی کم فاصلہ پر واقع گائوں ویروکی کو آج تک سوئی گیس کی سہولت نہیں دی گئی۔ گزشتہ 3 دہائیوں سے زائد کی انتخابی مہمات میں سیاسی شخصیات جہاں ویروکی کے ہزاروں ووٹروں سے دیگر بنیادی سہولتوں پختہ گلیوں، نالیوں اور سڑک کی تعمیر ومرمت کے نام پر ووٹ بٹورتے ہیں وہاں سب سے بڑا وعدہ سوئی گیس کی فراہمی کا کیا جاتا ہے مگر آج تک اہل علاقہ کو اس نعمت سے مستفید نہیں کیا جارہا۔ مقتدر سیاسی شخصیات کی اس بے وفائی پر علاقہ کے لوگ سخت نالاں دکھائی دیتے ہیں۔ اہل علاقہ نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ویروکی کے عوام کو دیگر سہولتوں کی فراہمی کیساتھ سوئی گیس کی سہولت دی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) سردی کی لہر نے شہریوں کے اوسان خطا کردیئے، گزرتے وقت کیساتھ سردی کی شدت میں کمی آنے کی بجائے روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ گزشتہ روز معمول کی نسبت صبح کا آغاز کم دھند سے ہوا جبکہ دن بھر ٹھنڈی ہوائوں کی وجہ سے سردی پہلے سے بھی کئی گنا بڑھ گئی۔ سخت سردی کی وجہ سے چھوٹے بچے اور ضعیف العمر افراد کو سخت پریشانی کا سامنا ہے نزلہ، زکام اور سانس کی بیماریوں میں اضافہ ہونے کی وجہ سے ہسپتالوں اور ڈاکٹروں کے کلینکوں پر رش بڑھ گیا ہے۔ سخت سردی کی وجہ سے لنڈا مارکیٹ میں پرانے کپڑوں اور جوتوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد سردی کا مقابلہ کرنے کیلئے ہیٹروں ، لکڑیوں اور کوئلوں کی آگ کا استعمال کرتی نظر آئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) ریلوے اسٹیشن وزیرآباد کی عمارت خستہ حالی کا شکار۔ (ن) لیگی حکومت نے بھی ڈیڑھ سالہ اقتدار میں ریلوے اسٹیشن کی بہتری کیلئے تاحال کوئی منصوبہ تشکیل نہیں دیا۔ عوامی، سماجی حلقوں کا وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے ریلوے اسٹیشن وزیرآباد کی تعمیر ومرمت کا مطالبہ۔ انگریز دور سے لیکر ایک دہائی قبل تک پاکستان ریلوے میں ایک شناخت رکھنے والے ، اور پاکستان کے بڑے ریلوے جنکشن سے منسلک ریلوے اسٹیشن وزیرآباد کی بہترین عمارت موجود تھی جو مناسب حفاظت نہ ہونے کی وجہ سے خستہ حالی کا شکار ہوتی گئی اور شیخ رشید کی وزارت کے دور میں پیرس طرز کی تعمیر کے وعدہ پر یہ عمارت مسمار کردی گئی اس دوران ریلوے اسٹیشن کی پرانی عمارت کا کروڑوں روپے مالیتی ملبہ بھی ٹھکانے لگا دیا گیا ہے۔مگر دوسری تیسری حکومت کا اقتدار بدلنے کے باوجود آج تک ریلوے اسٹیشن کی تعمیر ومرمت کی جانب توجہ نہیں دی سکی۔صدر انجمن شہریاں محمود احمد خان لودھی، گرینڈ ننجا ماسٹر سید شہباز بخاری اور دیگرعوامی، سماجی حلقوں نے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیرآباد ریلوے اسٹیشن کی جلد از جلد تعمیر کرواکے اس کی اصل شناخت کو بحال کیا جائے۔

Wazirabad News

Wazirabad News

Wazirabad News

Wazirabad News

Wazirabad News

Wazirabad News

Wazirabad News

Wazirabad News