لاہور (جیوڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں انسداد پولیو کی مہم جاری ہے، صوبہ سندھ کے شہر کراچی کی نو حساس یونین کونسلوں میں چار روزہ مہم کے دوران تہتر ہزار سات سو اٹھارہ بچوں کو ٹیکے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ ملتان اور کوئٹہ میں بالترتیب آٹھ لاکھ اور چار لاکھ اکسٹھ ہزار بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
کراچی کی 9 حساس یونین کونسلوں میں چار روزہ انسداد پولیو مہم کے پہلے دن 500 سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ مہم کے دوران 73 ہزار 718 بچوں کو ٹیکے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حساس یونین کونسلوں میں گڈاپ کی یو سی 4 ،5 ،8 بلدیہ کی یوسی2 ، سائٹ ٹاؤن کی یوسی 9 ، اورنگی کی یوسی7،13 اور لانڈھی کی یوسی1 اور 2 شامل ہیں۔
دوسری طرف ضلع ملتان میں سال 2015 کی پہلی 3 روزہ انسداد پولیو مہم 12جنوری سے شروع ہوگی ۔ محکمہ صحت کی جانب سے 1880 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 8 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
باقی رہ جانے والے بچوں کو چوتھے روز بھی قطرے پلائے جائیں گے ادھر کوئٹہ کے 15 وارڈز اور یونین کونسلز میں پولیو مہم آج شروع کر دی گئی ہے جو 13 جنوری تک جاری رہے گی۔ 5 جنوری کو شروع ہونے والی 4 روزہ مہم میں 4 لاکھ 61 ہزار بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا تاہم کئی ایک وجوہات کی بنا پر صرف تین لاکھ 61 ہزار 500بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔ اس طرح ایک بڑی تعداد قطرے پینے سے رہ گئی ، ہدف پورا کرنے کے لیے آج سے پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ شروع کیا گیا ہے۔