بھمبر کی خبریں چوہدری خالد حسین سے 10/01/2015

Ch. Khalid Hussain

Ch. Khalid Hussain

بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) حلقہ برنالہ میرا گھر ہے اس کو پسماندہ رکھنے والوں کا آئندہ الیکشن میں بھر پور محاسبہ کرینگے مظلوموں کی آواز بن کر آیا ہوں حلقہ برنالہ کے عوام بالخصو ص یونین کونسل پتنی اور ملوٹ کے عوام کی محرومیوں کو دور کر کے میرٹ اور قانون کی حکمرانی قائم کرینگے میرا شاندار استقبال کر کے یونین کونسل پتنی کے عوام نے تبدیلی کا سگنل دے دیا ہے آئندہ الیکشن میں برنالہ کے عوام کے ووٹ کی طاقت سے جیتیں گے اور آپ کے حقوق آپ کی دہلیز تک پہنچانا میرا مشن ہے ان خیالات کااظہار حلقہ برنالہ کی معروف سیاسی شخصیت و امیدوار اسمبلی حلقہ ایل اے 5ملک عبدالمالک اعوان نے پتنی پگھوری کے مقام پر نعیم شہید کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج یونین کونسل پتنی کی بد ترین پسماندگی دیکھ کر انتہائی دکھ ہوا ہے جن لوگوں کو اپنے ووٹوں کی طاقت سے اقتدار میں بھیجا انہوں نے ہی ہماری عوام کے حقوق غضب کئے دس سال قبل اگر خود نمائندگی کرتے تو آج صورتحال مختلف ہوتی نام نہاد اور مفاد پرست سیاستدانوں نے حلقہ کے نوجوانوں کا جان بوجھ کر سیاسی اور معاشی استحصال کیا ہے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم اداروں سے محروم رکھا گیا یونین کونسل ملوٹ اور پتنی میں جان بوجھ کر کوئی کالج منظور نہیں ہونے دیا گیا انشاء اللہ آئندہ کسی نوجوان کا استحصال نہیں ہو گا اور نہ ہی علاقہ کا کوئی تعلیم یافتہ بیٹا ، بیٹی ڈگریاں لیے در بدر پھریں گے۔

علاقے میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے قیام کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو رو ز گار اور کھیل کے میدان مہیا کرنا میرا مشن ہے نوجوانوں میں جو جوش و خروش اور جذبہ دیکھا ہے اس سے حلقہ برنالہ کے اندر تبدیلی کے واضح آثار نظر آ رہے ہیںآئندہ الیکشن مظلوموں اور نوجوانوں کیلئے لڑوں گا انہوں نے کہا کہ حلقہ برنالہ پر مسلط سیاسی خاندانوں اور حکمرانوں نے ایک سازش کے تحت یونین کونسل تھب پتنی اور ملوٹ کے عوام کا استحصال کیا ہے آج کے ترقی یافتہ دور میں ان علاقوں کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھا گیا علاقے میں پانی، تعلیم ، صحت اور سڑکوں سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کا نام و نشان موجود نہ ہے بالخصوص علاقے میں نہ تو لڑکوں اور نہ ہی لڑکیوں کیلئے کوئی انٹر یا ڈگری کالج کا قیام عمل میں لایا گیا جس کے باعث علاقے کے ہزاروں بچے بچیاں مڈل اور میٹرک سے آگے تعلیمی سر گرمیاں جاری نہیں رکھے سکے جس کے باعث مستقبل کے معمار زندگی کی دوڑ میں کوئی کارنامہ سر انجام دینے کی بجائے عام انسانوں کی طرح زندگی گزارنے پر مجبور ہیں انہوں نے کہا کہ ہم میدان میں آ چکے ہیں عوام کو محرومیوں کے سایوںمیں دھکیلنے والوں کا بھرپور محاسبہ کرینگے آج کا جم غفیر اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ عوام علاقہ بیدار ہو چکے ہیں اور مکروہ فریب سے بنے ان سیاسی چہروں کو خوب پہچان چکے اور آئندہ ان کے جھانسے میں نہیں آئینگے تقریب سے افتخار طیب اعوان ، چوہدری ذوالفقار، ملک وسیم اعوان ، مولوی محمد شفیع پگھوری سمیت دیگر نے خطاب کیا اس موقع پر ملک عبدالمالک اعوان نے ٹورنامنٹ کمیٹی کیلئے 10,000/= ونر ٹیم کیلئے 5,000/= رنر اپ ٹیم کیلئے 3,000/= روپے کا اعلان کیا دریں اثناء انہوں نے فائنل میچ کھیلنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں اور شیلڈز تقسیم کیں پتنی آمد پر راستے میں حاجی پورہ، کڈھالہ، کلیاں ، برنالہ ، ڈوبے، پنج پیر، تھب، پٹیاں ، پگھوری اور پتنی پہنچے پر جگہ جگہ عوام علاقہ نے ان کا شاندار والہانہ اور گرم جوشی سے استقبال کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) واپڈا اور آزاد کشمیر برقیات والے خوف خدا کریں اور لوڈ شیڈنگ کے سلسلہ میں مثبت اقدامات کریں سیکرٹری برقیات اور چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اصلاح احوال کریں نمازوں اور جمعہ کے اوقات میں اور جمع کے وقت بجلی بند کرنے پر حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر مکمل طور پر پابند ی لگائیں یہ مسلمانوں کا ملک ہے یہاں غیر مسلم بہت کم رہتے ہیں عوامی امنگوںمذہبی تقاضوں ضرورتوں کو مد نظر رکھا جائے ذکر ، ازکار ، قرآن پاک کی تلاوت اور اذان کے اوقات میں بھی بجلی بند کرنا نہایت غلط اور غیر اسلامی و غیر قانونی اقدامات کے زمرے میں آتا ہے ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹو کونسل چوہدری گلزار احمد ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ یات سمجھ سے بالا تر ہے کہ معاشرہ اور حکومتیں چھوٹے چھوٹے مسائل حل کرنے کی یا سوجھ بوجھ نہیں رکھتے یا نکمے ہیں انہوں نے کہا کہ عام طور پر اذان کے اوقات اور نمازوں کے دوران بجلی بند کر دی جاتی ہے جس سے کافی اذیت کا لوگوں کو سامنا کرنا پڑتا ہے اور یہ ذمہ دار لوگ برقیات اور پاکستان واپڈا والے مفت کا گناہ اپنے سر لیتے ہیں بجلی والوں کیلئے باعث شرم ہے حکومت پاکستان ، ارباب اختیار وزیراعظم پاکستان و آزاد کشمیر اس کا بھر پور نوٹس لیں اور اس پر ٹھوس اور مضبوط پالیسی بنائیں نمازوں کے اوقات میں بجلی بند کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) محکمہ امور حیونات ضلع بھمبر میں دودھ، دہی ، گوشت اور انڈوں کی پیداوار میں اضافہ کر کے غربت میں کمی کیلئے بھر پور اقدامات اٹھا رہا ہے دودھ ، گوشت اور انڈوں کی پیداوار کو بڑھانے کیلئے محکمہ امور حیات گوٹ اور ڈیری فارمنگ کیلئے 7 لاکھ تک بلاسود قرضے جاری کرے گا ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک / پولٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر محمد ایوب نے کیا انہوں نے کہا کہ محکمہ امور حیوانات ضلع بھمبر سے غربت کے خاتمے کیلئے لوگوں کو بلا سود قرضے دے گا محکمہ امور حیوانات ڈیری اور گوٹ فارمنگ کیلئے سات لاکھ تک جب کہ پولٹری فارمنگ کیلئے تین لاکھ تک بلا سود قرضے جاری کرے گا انہوں نے کہا کہ صحتمند دماغ کیلئے صحتمند جسم کا ہونا ضروری ہے صحتمند جسم کیلئے لحمیات کی اشد ضرورت ہے لحمیات کی کمی کو دودھ ، دہی ، گوشت اور انڈوں کے استعمال کے ذریعے پورا کیا جا سکتا ہے محکمہ امور حیوانات ڈیری ، گوٹ اور پولٹری فارمنگ کی طرف لوگوں کو لانے کیلئے بلا سود قرضے دے رہا ہے تا کہ لوگ بلا سود قرضوں کے ذریعے اپنے کاروبار کو فروغ دے کر اپنی غربت کو دور کریں انہوں نے کہا کہ ڈیری ، گوٹ اور پولٹری فارمنگ کیلئے قرضہ حاصل کرنے کیلئے محکمہ امور حیوانات کے توسیع مراکز سے رابطہ کر کے مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔