لاہور (جیوڈیسک) آئی جی پولیس مشتاق احمد سکھیرانے پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے پیش نظر کوئیک رسپانس فورس کے اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔ جو کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے فوری طور پر کارروائی کر سکیں گے۔ یہ فیصلہ حکومت پنجاب کی طرف سے سکولوں کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کے لئے قائم کی گئی پانچ رکنی سکیورٹی کمیٹی کا سکولوں کے آڈٹ کرنے کے بعد کیا گیا۔ سکیورٹی کمیٹی آئی ایس آئی، آئی بی، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور ڈسٹرکٹ سکیورٹی کے نمائندوں پر مشتمل ہے۔
کوئیک رسپانس فورس کے اہلکار تمام تعلیمی اداروں کی انتظامیہ اور سربراہوں کے ساتھ مستقل رابطے میں رہیں گے، تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے جاری کیے گئے ایمرجنسی نمبروں سے بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب کے احکامات کے مطابق تمام اضلاع میں تعلیمی اداروں کے سکیورٹی گارڈز کی پولیس ٹریننگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
تمام ریجنل پولیس آفیسرز اور ڈی پی اوزتعلیمی اداروں کی انتظامیہ کے ساتھ حکومت پنجاب کی طرف سے سکولوں کی سکیورٹی کے لئے جاری کیے گئے ضابطہ اخلاق پر عملدر آمد کے لئے رابطے میں ہیں۔ جس میں دیواروں کو کم از کم 8 فٹ اونچا کرنے اور ان پر 2 فٹ خار دار تاریں نصب کرنا، سی سی ٹی وی کیمرے، سٹاف کی تعداد اور تفصیلات کے بارے میں ریکارڈ مکمل کرنے جیسے اہم اقدامات شامل ہیں۔