بیجنگ (جیوڈیسک) چینی خاتون باس نے ملازمین کی اچھی کارکردگی پر انہیں بی ایم ڈبلیو کاریں تحفے میں دے ڈالیں۔آج کے اس دورمیں جب ہر انسان اپنی دولت کو بڑھانا چاہتا ہے لیکن ایسے سخی دل لوگ بھی ہیں جودوسروں کو نوازنے کا حوصلہ بھی رکھتے ہیں۔
ایسا ہی کچھ دیکھنے میں آیا چین میں جہاں اکیس سالہ خاتون باس نے اپنی چار ملازمین کی کارکردگی سے خوش ہو کر انہیں قیمتی بی ایم ڈبلیو کاریں بونس میں دے ڈالیں۔اکیس سالہ چینی لڑکی نے وزن میں کمی اورجلدی امراض دور کرنے کی دوائیں تیار کرنے والی یہ کمپنی اپنی یونیورسٹی کے دور میں قائم کی تھی اور دیکھتے ہی دیکھتے کروڑ پتی بن گئی۔
اس کا کہنا تھا کہ کمپنی نے جو ٹارگٹ رکھے تھے اسے حاصل کر لیاگیا اوریہ سب ملازمین کی محنت کی بدولت ہوا اس لیے وہ اس نفع میں شرکت کے بھی برابرکے حق دار ہیں اور اگر ملازمین خوش رہیں گے تو کمپنی مزید ترقی کرے گی جب کہ اس موقع پر ملازمین کی خوشی بھی دیدنی تھی۔