برسبین (جیوڈیسک) سوئس ٹینس پلیر راجر فیڈرر نے برسبین اوپن ٹائٹل کے ساتھ ہی کیریئر میں ایک ہزار فتوحات بھی مکمل کرلیں ، وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے 1000 ویں فتح برسبین انٹرنیشنل کے فائنل میں حاصل کی۔
راجر فیڈرر نے برسبین انٹرنیشنل کے فائنل میں کینیڈا کے میلوس راونک کوچھ چار چھ سات اور چھ چار سے شکست دی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی راجر فیڈرر ایک ہزار فتوحات حاصل کرنے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔
ان کی فتوحات میں 17 گرینڈ سلیمز سمیت 83 اے ٹی پی ٹائٹلز بھی شامل ہیں۔ راجر فیڈرر 2001 سے ہر سال کم از کم ایک ٹائٹل اپنے نام کرتے آئے ہیں۔ فتوحات کی دوڑ میں جمی کونرز ایک ہزار 2 سو 53 فتوحات کے ساتھ پہلے جبکہ ایوان لینڈل ایک ہزار 71 فتوحات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔