واشنگٹن (جیوڈیسک) دنام زمانہ امریکی جیل گوانتانامو بے کے قیا م کو تیرہ سال مکمل ہو گئے۔ اسے بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والا جنر ل بھی اسے امریکا کی غلطی کہتا ہے۔ جنوری 2002 میں امریکی حراستی مرکز گوانتانامو بے قائم کیا گیا۔
میں نے “گوانتانامو بے کو بنایا اور اب میں ہی اسے بند دیکھنا چاہتا ہوں۔یہ الفاظ ہیں امریکی فوج کے سابق میجر جنرل Lehnert Michael R کے جسے 11 جنوری سن 2002 میں کیوبا میں قائم امریکی نیول بیس پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں میں پکڑے جانے والے طالبان اور القاعدہ کے انتہائی خطر ناک ملزموں کو رکھنے کے لیے حراستی مرکز بنانے کے لیے بھیجا گیا۔ مائیکل لہرنرٹگوانتانامو بے” حراستی مرکز کے پہلے کمانڈر تھے اور 13 سال بعد آج وہ خود اسے بند دیکھنا چاہتے ہیں۔
مائیکل نے اپنی ایک تحریر کہا ہے کہ صرف وہ ہی گوانتانامو مرکز کو بند نہیں کرنا چاہتے بلکہ پچاس سے زائد سابق جنرل ایسا ہی چاہتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ انہیں گوانتاناموبے 60 دن کے مشن پر بھیجا گیا تھا، تاہم انہیں ابتدائی دنوں میں ہی اندازہ ہوگیا تھا کہ یہ مرکز جلد بند نہیں کیا جا سکتا۔ اس حراستی مرکز نے امریکی ساکھ کو بے حد نقصان پہنچایا ہے۔سابق امریکی جنرل کاکہنا ہے کہ اخلاقی، قانونی اور اسٹریٹجک وجوہات پر اس مرکز کو بند ہونا چاہیے۔
گوانتانامو بے مرکز میں ایک ملزم پر سالانہ 33 لاکھ 45 ہزار 61 ڈالر کا خرچ آتا ہے۔جبکہ اسکے بر عکس امریکا کی مہنگی جیل میں ایک قیدی پر سالانہ 78 ہزار ڈالر اخراجات آتے ہیں۔ اس لیے بھی کانگریس کو چاہیے کہ باقی ملزمان کو امریکی جیلوں میں منتقل کرنے کی اجازت دے۔ 2009 میں صدر براک اوباما نے عہدہ سنبھالنے کے دوسرے دن ہی گوانتانامو کو 120 دن میں بند کرنے کے احکامات جاری کئےتھے لیکن گانگریس کی جانب سے مشکلات کے بعد ایسا نہیں ہو سکا۔ 2002 میں حراستی مرکز کے قیام کے وقت 779 ملزمان کو یہاں لایا گیا۔
سال 2014 میں 155 افراد گوانتانامو میں زیر حراست تھے جن میں سے اس سال 28 ملزمان کو مختلف ممالک کی تحویل میں دے دیا گیا جس کے بعد اس وقت گوانتانامو بے مرکز میں 127 قیدی موجود ہیں جن میں سے مزید 59 ملزمان کو دیگر ممالک کے حوالے کرنے کے لیے کلئیر قرار دے دیا گیا ہے۔صدر اوباما اپنی مددت ختم ہونے تک اس مرکز کو بند کرنا چاہتے ہیں۔حراستی مرکز کو 13 سال مکمل ہونے پر واشنگٹن میں وائٹ ہاوس کے سامنے احتجاج کیا گیا۔مظاہرین نے اعلامتی طور پر قیدیوں کا روپ دھار کر مرکز کو بند کرنے کا مطالبہ کیا۔