لندن (جیوڈیسک) لاس ویگس میں امریکی باکسر الیگزینڈر کو ناکوں چنے چبوانے والے عامر خان نے اب مے ویدر پر نظریں جما لی ہیں۔ امریکی حریف کو للکارتے ہوئے عامر خان نے کہا ہے کہ مے ویدر پانچ روز میں سوچ کر فیصلہ سنائیں کہ وہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر سے لڑیں گے یا نہیں۔
عامر خان نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ 2015ء کا آغاز مے ویدر کے خلاف شاندار کامیابی کے ساتھ منسوب کرنا چاہتے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عامر خان کا کہنا ہے کہ میں نے مے ویدر کے تمام مطالبات نہ صرف تسلیم کئے بلکہ انھیں پورا بھی کر چکا ہوں۔ مے ویدر چاہتا تھا کہ میں ویلٹر ویٹ فائٹ لڑوں جو میں کرکے دکھا دی۔ میں نے اس سے لڑنے کیلئے ووٹ بھی حاصل کرلیا۔
مے ویدر چاہتا تھا کہ میں اپنی ڈویژن میں سب سے اچھے باکسر کے ساتھ لڑوں۔ میں نے ڈیون الیگزینڈر کو شکست دے کر یہ شرط بھی پوری کر دی۔ عامر خان نے کہا کہ مے ویدر مجھے نظر انداز کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور چاہتا ہی نہیں کہ وہ کوئی بڑی لڑائی کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے کیریئر میں ہمیشہ اپنے سے زیادہ خطرناک باکسرز سے فائٹ کی کیونکہ شکست کبھی آپ کو برا فائٹر نہیں بناتی۔
شکست آپ کو دکھاتی ہے کہ آپ کتنے اچھے ہیں اگر آپ ان ناکامیوں سے نکل آتے ہیں۔ عامر خان نے کہا کہ میں نے مے ویدر کو فیصلہ کرنے کیلئے 5 دن کا وقت دیا ہے تاکہ میں فائٹ کیلئے اپنی ٹریننگ شروع کر سکوں۔