جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو حکومتی مشکلات بڑھیں گی: اعجاز چوہدری

 Ijaz Chaudhry

Ijaz Chaudhry

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ این اے 122 کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد دھاندلی ثابت ہوگئی ہے اور سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو فوری طور پر استعفیٰ دے دینا چاہئے، انہوں نے کہا کہ چیئرمین عمران خان کی دھاندلی کے متعلق شکایات سچی ثابت ہوئیں اور این اے 122 میں دھاندلی سامنے آنے پر عوام کے سامنے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا

انہوں نے کہا کہ پرویز رشید، انوشہ رحمان اور دانیال عزیز کو اب فوری قوم سے معافی مانگنی چاہئے، اعجاز چوہدری نے کہاکہ اب حکومت کو فوری جوڈیشل کمیشن تشکیل دے دینا چاہئے ورنہ حکمرانوں کے لئے مزید مشکلات بڑھیں گی بعدازاں اعجاز احمد چوہدری نے حکومت کی طرف سے بجلی کی قیمت میں 2.4 روپے فی یونٹ سرچارج لگانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ دریں اثنا لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ این اے 122 میں ووٹوں کے تھیلے کھلنے سے بلی باہر آگئی ہے اب سرکس کے خود ساختہ شیر جلد ہی چوہے بن کر بھاگیں گے۔