ٹنڈو محمد خان (جیوڈیسک) ٹنڈو محمد خان میں سولنگی برادری کی جانب سے پولیس گردی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، میڈیا سے دوران گفتگو غلام حسین سولنگی کا کہنا تھا کہ 4 جنوری کو میرا بیٹا حبیب اللہ اپنے سسرال ہوسٹری جا رہا تھا جسے سیری پولیس نے چیکنگ کے دوران حراست میں لے لیا، 6 جنوری کو میرے بیٹے کے سسرال والوں کو فون پر اطلاع ملی کہ حبیب اللہ سولنگی کو زخمی حالت میں سول اسپتال حیدر آباد میں داخل کرادیا گیا ہے
جب ہم اسپتال پہنچے تو مردہ خانے سے حبیب اللہ کی لاش ہمارے حوالے کردی گئی جس کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی موجود تھے، پولیس سے رابطہ کرنے پر ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ تمہارا بیٹا مقبرہ شریف روڈ پر مسافروں سے لوٹ مار کر رہا تھا جو پولیس کے پہنچنے پر مقابلے کے دوران زخمی ہو گیا
جسے بعد ازاں اسپتال میں داخل کرا دیا گیا، غلام حسین سولنگی نے الزام عائد کیا کہ اس کے بیٹے کو بلاجواز گرفتار کر کے ہلاک کیا گیا ہے، اس نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی انکوائری کر کے قتل میں ملوث اہلکاروں اور ایس ایچ او کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔