کراچی (جیوڈیسک) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو تیزی کا رجحان دیکھا گیا، کاروباری ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ میں حصص کی تجارتی سرگرمیوں کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔
خریداری کا رجحان بڑھنے کے نتیجے میں بنچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 33418.20 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ سرمائے میں 11 ارب 27 کروڑ 44 لاکھ 46 ہزار 742 روپے کا اضافہ ہوا اور مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 76 کھرب 75 ارب 85 کروڑ 48 لاکھ 19 ہزار 139 روپے ہو گیا، ایک موقع پر مارکیٹ 33500 پوائنٹس کی حد بھی عبور کرگئی تھی تاہم تیل وگیس اور سیمنٹ سیکٹر میں فروخت کے باعث تیزی کی رفتار میں کمی واقع ہوئی، سرمایہ کاروں نے بینکنگ، مائننگ، ٹیکسٹائل اور انرجی سیکٹر سمیت دیگر شعبوں میں خریداری کو ترجیح دی۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 93.38 پوائنٹس کے اضافے سے پہلی بار33418.20 پوائنٹس پر پہنچ گیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 34.14 پوائنٹس بڑھ کر 21654.50 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 36.60 پوائنٹس کے اضافے سے 52481.58 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 35.41 پوائنٹس بلند ہو کر 24333.64 پوائنٹس پر بند ہوا، کاروباری حجم جمعہ سے 29.43 فیصدکم رہا اور مجموعی طور پر 25 کروڑ 5 لاکھ 50 ہزار 800 حصص کا لین دین ہوا۔
گزشتہ روز 378 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 185 کمپنیوں کی قیمتوں میں اضافہ، 181 کے نرخ میں کمی اور 12 کمپنیوں کے بھاؤ برقرار رہے، کاروبار کے لحاظ سے پاک انٹرنیشنل بلک 2 کروڑ 66 لاکھ، جہانگیر صدیقی کمپنی 1 کروڑ 48 لاکھ، کے الیکٹرک لمیٹڈ 1 کروڑ 20 لاکھ، بینک آف پنجاب 1 کروڑ اور پاک الیکٹرون 79 لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے، قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے رفحان میعظ کے بھاؤ میں 527.86 روپے اور یونی لیور فوڈز کے بھاؤمیں 200.1 روپے کااضافہ جبکہ نیسلے کے بھاؤ میں 275.01 روپے اور باٹا پاک کے بھاؤ میں 150 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔