لاہور (جیوڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں چاردیواری کے بغیر سکولوں نے سیکورٹی کے دعووں کی قلعی کھول دی، دوسری طرف لاہور میں اے پلس اور اے کیٹیگری کے ایک ہزار سکولوں میں ایمرجنسی الارم سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ملک بھر کے سکولوں اور کالجوں میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ صوبائی حکومتیں سرکاری سکولوں میں حفاظتی انتظامات مکمل ہونے کے دعوے کر رہی ہیں لیکن اس کے باوجود متعدد سکول مناسب انتظامات سے محروم ہیں۔ کئی شہروں میں بغیر چاردیواری کے سکول انتظامیہ کو منہ چڑا رہے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے علاقے پشخرہ کے پرائمری سکول میں بھی سیکڑوں بچے کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ دنیا نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد محکمہ تعلیم کے غافل حکام حرکت میں آگئے ، چار دیواری اور سیکورٹی کے بغیر سکول کھولنے پر پرنسپل کو معطل کر دیا جبکہ 300 طالبعلموں کو دوسرے سکول منتقل کر دیا ہے ادھر قائدآباد گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کی چار دیواری کی جگہ شامیانے لگائے گئے ہیں۔
جس کے باعث طالبات خوف و ہراس کا شکار ہیں ۔ دوسری طرف لاہور میں اے پلس اور اے کیٹیگری کے ایک ہزار سکولوں میں ایمرجنسی الارم سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الارم کا بٹن پرنسپل آفس اور مانیٹرنگ روم میں ہوگا اور اس کی رسائی متعلقہ تھانوں اور کوئیک ریسپانس اداروں تک ہوگی۔