اسلام آباد : پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر راحیق عباسی نے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی ہے اور امام بارگاہ چٹیاں ہٹیاں میں ہونے والے دھماکے سے ہونے والی شہادتوں پر تعزیت پیش کی ہے۔ اس موقع پر شہداء کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
ملاقات میں علامہ شفقت حسین شیرازی بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر راحیق عباسی کا کہنا تھا کہ وہ علامہ طاہرالقادری کی طرف سے راولپنڈی سانحہ پر اظہار تعزیت کرتے ہیں ، مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان عوامی تحریک کا دہشتگردی کے معاملے پر ایک ہی موقف ہے اور انشاء اللہ اپنے اتحاد سے دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرکے دم لینگے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہادتیں ہمیں اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹا سکتیں۔
شیعہ اتحاد ہی تکفیریت کے خاتمے کا باعث بنے گا۔ اس موقع پر علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشتگردی کیخلاف کارروائی میں پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ شہروں میں بھی دہشتگردوں کا صفایا کیا جائے اور ان کے حامیوں کو اپنے منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ ایسے مدارس جو دہشتگردی میں ملوث ہیں انہیں فی الفور بند کیا جائے۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے موقف کو ایک بار پھر دہراتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے ملت تشیع کے مدارس کو ہم اوپن کرتے ہیں اور حکومت سے کہتے ہیں کہ اگر ہمارا کوئی بھی مدرسہ جو دہشتگردی میں ملوث ہے یا لنک رکھتا ہے اسے فوری طور پر بند کردیں اور ملوث عناصر کو قوم کے سامنے لائیں۔
ہم دہشتگردی میں ملوث مدارس کو مسلک کے شلٹر کے پیچھے چپھنے نہیں دینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ چودھری نثار10فی صد دمدارس کی نشاندہی کریں جو دہشتگردی میں ملوث ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں ایسے مدارس کو فی الفور بند کیا جائے۔