نیویارک (جیوڈیسک) امریکا، برطانیہ، فرانس اور چین سمیت مختلف ممالک میں شدید برفباری نے نظام زندگی منجمد کر کے رکھ دیا۔ پیرو میں سیلاب نے لوگوں کی زندگی اجیرن کر دی، اور برازیل میں پڑنے والی شدید گرمی میں جانور نڈھال ہوگئے۔
کہیں برفباری اور کہیں آگ اگلتا سورج، دنیا بھر میں لوگ شدید موسم کا سامنا کر رہے ہیں۔ امریکا کی مختلف ریاستوں میں برفباری کے بعد ہر چیز پر سفید چادر پڑی ہوئی ہے۔ برف سے ڈھکی سڑکوں پر گاڑیاں پھنس گئیں جبکہ خراب موسم کے باعث پروازیں بھی منسوخ کرنا پڑیں۔
شمالی اور مغربی ویلز میں برفانی طوفان کی وجہ سے متعدد سکول بند ہیں۔ منفی تیرہ ڈگری درجہ حرارت میں حد نظر صفر ہوگئی، محکمہ موسمیات نے برطانیہ کے مختلف شہروں میں مزید برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ چینی شہر ہربن میں فنکاروں نے جمی برف سے عمارتیں، سڑکیں اور دیگر مجسمے بنا کر الگ شہر بسا لیا۔
پیرو میں مسلسل بارشوں کے بعد سیلاب نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔ سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ سیکڑوں مسافر پانی میں پھنس گئے۔ برازیل میں درجہ حرارت اڑتالیس سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔
شدید گرمی میں انسانوں کے ساتھ جانور بھی بلبلا اٹھے، ریوڈی جنیرو کے جارڈِم چڑیا گھر میں جانوروں کو برف میں لگا پپیتا، تربوز اور آم کھانے کو دیئے جا رہے ہیں۔ جانوروں کے پنجروں میں برف کے بلاک رکھے گئے ہیں۔ چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق جانوروں کو روازنہ برف میں لگا دو ٹن کھا نا دیا جا رہا ہے۔