پشاور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی اہلیہ ریحام خان کے ساتھ آرمی پبلک سکول پشاور کا دورہ کیا جیسے ہی عمران خان کا قافلہ سکول کے قریب پہنچا تو وہاں پہلے سے موجود شہید بچوں کے لواحقین اپنے آپ پر قابو نہ رکھ سکے اور عمران خان کی گاڑی کا گھیرائو کر لیا، گو عمران گو کے نعرے لگائے۔
سکول سے باہر آئی ایک غمزدہ خاتون نے دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سکول کے اندر میں نے عمران خان کو گریبان سے پکڑ کر کہا کہ اب یہاں کیا لینے آئے ہو، ہم نے صوبہ تمہارے حوالے کیا اور تم نے ہمارے بچوں کو لہو لہان کرا دیا اور شادی کرتے بھی نہ سوچا کہ ہمارے دلوں پر کیا گزر رہی ہے۔
ایک والد نے کہا ہمیں ایسے حکمران نہیں چاہئیں جوکہ ہمارے بچوں کی لاشوں پر سیاست کر رہے ہیں۔ عمران خان نے سکول میں بچوں سے ملاقات کی، اساتذہ کی ہمت کو سراہا۔ پولیس نے شہدا کے والدین کو حصار میں لے کر عمران خان کے قافلے کو آرمی پبلک سکول کے پچھلے دروازے سے باہر نکال دیا۔