اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کہتے ہیں کہ وہ بیلٹ پیپرز کے فرانزک ٹیسٹ کرانے کی پیشکش پر اب بھی قائم ہیں، عمران خان 48 گھنٹوں میں اسے قبول کریں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی خواہشات کی تکمیل کے لئے جمہوری نظام کو کمزور کرناچاہتے ہیں، انہوں نے 6 ماہ جمہوریت کے خلاف سازش کی اور اب دہشت گردوں کے خلاف حکومتی اقدامات کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔ عمران خان کی سیاست تخریبی اور جھوٹ پر مبنی ہے، وہ قوم کے سامنے سچ نہیں رکھتے۔
عمران خان اپنی سیاست کے طرز عمل کو تبدیل کریں، انہیں چاہیے کہ وہ جمہوریت کو مضبوط کریں، عمران خان کو آرمی پبلک اسکول میں ’’گو عمران گو‘‘ کے نعرے سننے پڑے، گو عمران گو کا نعرہ پاکستان کے دکھی دلوں کی ترجمانی کرتا ہے۔
پرویز رشید نے مزید کہا کہ تحقیقاتی کمیشن ایسی شکایات پر بنتا ہے جو ٹریبونل کے دائرہ اختیار میں نہیں آتیں، این اے 122 کے ووٹوں کی جانچ پڑتال کرنے والے لوکل کمیشن نے کہیں نہیں کہا کہ ووٹوں کی تصدیق نہیں ہو سکی، ان کا کہنا تھا کہ کچھ ووٹ کے کاؤنٹر فائل پر دستخط نہیں۔
عمران خان نے بوگس ووٹوں کی نشاندہی نہیں کی، وہ بیلٹ پیپرز کے فرانزک ٹیسٹ کرانے کی پیشکش پر اب بھی قائم ہیں۔ عمران خان 48 گھنٹے میں فرانزک ٹیسٹ کی پیشکش قبول کریں، انہوں نے کہا کہ عمران خان جانتے ہیں کہ انہیں جوڈیشل کمیشن میں بھی شکست ہو گی، اس لئے اب وہ اس سے بھی پیچھے ہٹ رہے ہیں۔