ڈیلس(جیوڈیسک) عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی میں 25 جنوری بروز اتوار دوپہر ایک بجے جلسے اور جلوس منعقد ہوں گے ،اس بات کا اعلان ڈیلس ڈاؤن ٹاؤن میں قائم اہلسنت و الجماعت کی مساجد کی جانب سے کیا گیا۔
پاکستان رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن پریڈ کی قیادت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیلس فورٹ ورتھ میں قائم اہلسنت و الجماعت کی مساجد جن میں مکہ مسجد‘ مدینہ مسجد‘ ضیاء القرآن سینٹر اور برکات القرآن سینٹر کی جانب سے حضور پرنور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت کی خوشی میں پریڈ کا اہتمام مورخہ 25 جنوری بروز اتوار کو دوپہر ایک بجے منعقد کرنے کا اعلان مقامی انتظامیہ نے کیا ہے ،جس میں کانگریس ویمن ایڈی برنیس جانس‘ میئر ڈیلس مائیک رالنگ‘ پولیس شیرف لوپے والیداس‘ اسکول بورڈ کے چیئرمین لیدی ڈنکس سمیت اہم امریکی عہدیداران بھی شرکت کریں گے۔
اس ضمن میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں میلاد کمیٹی کے رہنماؤں جن میں علامہ بابر رحمانی، شعیب خان، مشتاق حبیب، بشیر نوی والا، ڈاکٹر ناصر ڈاکٹر اوکیل ڈاکٹر وسیم، علامہ سراج مصباحی، معروف مذہبی شخصیت غلام جہانگڑا، انیس غازیانی، انجم ابراہیم، علامہ مختیار احمد نعیمی، الطاف نور، شکیل ابراہیم اشفاق عزیز اشفاق آرائیں مشتاق احمد اشفاق احمد، عامر آرائیں، حافظ صائم ذکی، شاہ جہاں احمد‘ حبیب ایوب، حنیف خانانی، علی رضوی اور مسلم ڈیموکریٹک کاکس کے شریک چیئرمین سید فیاض حسن اور پاکستان پبلی کیشن ڈیلس کے ایڈیٹر انچیف راجہ زاہد اختر خانزادہ سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد علامہ بابر رحمانی نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میلاد کمیٹی کی جانب سے مذکورہ پریڈ جو کہ گزشتہ دو ہفتے قبل ہونا تھی‘ خرابئ موسم کے باعث منسوخ کر دی گئی تھی اور نئی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا تھا۔
تاکہ ہر کوئی باآسانی اس پریڈ میں شریک ہو سکے۔ انہوں نے بتایا کہ رکن کانگریس ایڈی برنیس جانس، میئر ڈیلس مائیک رالنگ سمیت اہم مقامی امریکی سرکاری عہدیداروں کو دعوت نامے دے دئیے گئے ہیں اور ان تمام کی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس روز پریڈ میں شامل ہونے کے لئے خصوصی طور پر ہر مسجد سے بسوں کے ذریعے عاشقان رسول کو ڈاؤن ٹاؤن لانے کے تمام تر انتظامات مکمل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان افریقی کمیونٹی بھی اس پریڈ میں شرکت کرے گی جبکہ رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن اس پریڈ کی قیادت کریں گے۔ مذکورہ پریڈ سٹی ہال ڈیلس سے شروع ہو گی، جو کہ ڈاؤن ٹاؤن کی اہم شاہراہوں سے ہوتی ہوئی واپس سٹی ہال پر اختتام پذیر ہو گی۔ اس دوران عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حمد و ثناء کر کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا اظہار کریں گے۔