اسلام آباد (جیوڈیسک) امریکی این جی او آئی میپ کا دفتر سیل کر دیا گیا، وزارت داخلہ کی ہدایت پر ایف سکس میں دفترسیل کر دیا گیا، وزارت داخلہ نے آئی میپ کو ملک چھوڑنے کیلئے 15 دن کاوقت دیا ہے۔ وفاقی حکومت نے واشنگٹن بیسڈ این جی او آئی ایم میپ کو تمام دفاتر پندرہ روز کے اندر بند کرنے کا حکم دیدیا، اور تنظیم سے وابستہ تمام غیر ملکی ماہرین کو ملک چھوڑنے کا حکم جاری کر دیا۔
وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے تمام صوبائی حکومتوں کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے کہ جس میں کہا گیا ہے امریکی این جی او آئی ایم میپ کے ملک بھر میں تمام دفاتر پندرہ روز کے اندر بند کردیے جائیں۔ آئی ایم میپ کے متعلق مراسلے میں کہا گیا ہے کہ این جی او سے وابستہ تمام غیر ملکی ماہرین ملک چھوڑ دیں اور اس سے وابستہ مقامی ملازمین کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں کراچی میں ایک کارروائی کے دوران آئی ایم میپ کے آفس کو پولیس نے سیل کیا تھا ،جہاں سے پاکستان کی ایٹمی تنصیبات ،اور دیگر حساس مقامات کی ڈیجیٹل نقشے بنائے جارہے تھے۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ ڈیجیٹل نقشے دہشت گردی میں بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں، ذرائع کاکہنا ہے کہ اس طرح کا کام کرنے والی دیگر این جی او کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔