کرکٹ کی عالمی جنگ کے لیے شاہینوں نے نئی وردیاں زیب تن کر لیں

Cricket Team

Cricket Team

لاہور (جیوڈیسک) آئندہ ماہ سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والی کرکٹ کی عالمی جنگ میں شرکت کے لیے شاہینوں کی وردیاں بھی تیار کرلی گئی ہیں جسے قومی ٹیم کے شاہین زیب تن کرکے میڈیا کے سامنے پیش ہوئے اور شائقین کا دل موہ لیا۔

ورلڈ کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی کٹ کی تقریب رونمائی لاہور میں ہوئی جس میں ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ میگا ایونٹ میں اچھی پرفارمنس کے لئے بھرپور تیاری کر رہے ہیں اور امید ہے کہ ٹیم ورلڈ کپ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

تقریب رونمائی میں شریک قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے ابھی کافی وقت ہے اور جیسا ٹیم انتظامیہ پلان کرے گی اسی نمبر پر کھیلوں گا جب کہ شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ ان کا آخری ورلڈ کپ ہے جسے وہ اچھی پرفارمنس سے یادگار بنانا چاہتے ہیں۔

تقریب کے دوران قومی ٹیم کے سلامی بلے باز احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی اور مصباح الحق جیسے سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا ان کے لئے اعزاز کی بات ہے اور وہ ورلڈ کپ میں اچھی پرفارمنس کی پوری کوشش کریں گے جب کہ عمر اکمل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کے لئے تیاری اچھی اور ٹیم کا مورال بلند ہے۔

کرکٹ بورڈ نے ہمیشہ نیک خواہشات کے ساتھ الوداع کیا اور ٹیم بھی بورڈ کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کرے گی۔