ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک، لاہور میں سورج کی تمازت

Dry

Dry

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، جڑواں شہر وں راولپنڈی اور اسلا٘م آباد میں مطلع صاف، دن روشن اور چمکدار ہے، لاہور میں سورج کی تمازت اور سرد ہواؤں کے امتزاج نے موسم دلکش بنا رکھا ہے۔

کوئٹہ میں شدید سردی کے باعث پانی جم گیا ، موسم کا حال بتانے والوں نے شمالی بلوچستان اور سندھ سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کی نوید سنا دی۔

اسلا٘م آباد میں نیلے آسمان پر سفید بادلوں کی اور سے سورج کرنیں بکھیر رہا ہے۔ ہلکی تمازت اور سرد ہواؤں کے امتزاج اور سڑکوں کے اطراف لگے ، دو رویہ سبزے اور ہرے بھرے درختوں نے شہر اقتدار کے موسم کو دلکش بنا رکھا ہے۔

راولپنڈی میں مطلع صاف دن روشن اور چمکدار ہے تاہم سرد ہواؤں کے باعث موسم خاصی حد تک سرد ہے۔ باغوں کے شہر لاہور میں بھی سورج پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے۔ ملتان میں آج صبح بھی دھند کے بادل چھائے رہے جس سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ کوئٹہ سمیت صوبے کے بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک ہے، بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا۔

کوئٹہ میں سردی کے باعث پانی جم گیا اور معاملات زندگی متاثر ہوئے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شمالی بلوچستان اور سندھ سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔