چینی صدر آئندہ ماہ پاکستان آئیں گے، توانائی سمیت مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گے

 Xi Jinping

Xi Jinping

اسلام آباد (جیوڈیسک) چینی صدر ژی جنگ پنگ آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرینگے، اعلیٰ پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بات چیت ہو گی، ژی جنگ پنگ پاکستان میں چین کے تعاون سے توانائی منصوبوں کا افتتاح بھی کرینگے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کے صدر ژی جن پنگ آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ چینی صدر کی آمد سے قبل چینی وزیر خارجہ وانگ ژی پاکستان آئینگے اور چینی صدر کی مصروفیات، سیکورٹی اور دورے کا شیڈول طے کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کے صدر ژی جن پنگ پاکستان میں چین کے تعاون شروع کیے جانیوالے توانائی کے منصوبوں کا بھی افتتاح کریں گے۔

اعلیٰ پاکستانی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں پاک چین دوطرفہ تعلقات پر بات ہو گی۔ چینی صدر کے دورے کے دوران دفاع ، توانائی ، سرمایہ کاری اور انفرا سٹرکچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر بات چیت ہو گی۔

واضح رہے کہ چینی صدر نے گزشتہ سال ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے منصوبوں پر دستخط کیے جانا تھے لیکن تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے اسلام آباد ڈی چوک میں دھرنے کی وجہ سے چینی صدر کے سیکورٹی سٹاف نے دورہ پاکستان کو غیرمناسب قرار دیا تھا جس کے بعد چینی صدر کے دورہ کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔