بہاولنگر: دوسری شادی کی اجازت نہ ملنے پر شوہر نے بیوی کو قتل کر دیا

Bhawalnagar

Bhawalnagar

بہاولنگر (جیوڈیسک) بہاولنگر شہزاد نگر میں نئی شادی کی اجازت نہ ملنے پر جھگڑا، شوہر نے اپنی ماں کے ساتھ ملکر اپنی بیوی کو مبینہ طور پر گلا دبا کر قتل کر دیا۔ شک کی بنا پر عدالت کے حکم پر قبر کشائی، ورثاء اور اہل علاقہ کا قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ، بہاولنگر محلہ شہزاد نگر کے رہائشی محمد شریف نے اپنے بیٹے محمد وقاص کی شادی 9 ماہ قبل اپنی بھتیجی نوشابہ سلیم سے کی۔

نوشابہ کا شوہر دوسری شادی کرنا چاہتا تھاجس پر گھر میں جھگڑا رہتا تھا، چند روز قبل جھگڑا شدت اختیار کر گیا جس پر وقاص اور اس کی ماں نسیم بی بی نے مبینہ طور پر نوشابہ کا گلا دبا کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا، بہانہ یہ بنایا کہ نوشابہ کی موت بجلی کا کرنٹ لگنے سے ہوئی۔ ورثا کے آنے سے پہلے ہی نوشابہ کو سپرد خاک کر دیا، لڑکی کے والدین کو شک ہے کہ اس کی موت کرنٹ لگنے سے نہیں ہوئی بلکہ اسے گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔

لڑکی کے ورثاء نے تھانہ سٹی بی ڈویژن میں شک کی بنا پر مقتولہ نوشابہ کے والد محمد سلیم کی درخواست پر لڑکی کے خاوند وقاص اور اس کی والدہ نسیم بی بی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ عدالت کے حکم پر قبر کشائی کی جائے گی۔ ورثاء اور اہل محلہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب اور ڈی پی او بہاولنگر سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے ملزمان کو فوری گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔