سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام گستاخانہ خاکوں کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا

Protest

Protest

اسلام آباد : سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل نے ملک بھر میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا۔ اس سلسلہ میں اہلسنّت کی 10 لاکھ مساجد میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور علمائے اہلسنّت نے ناموس رسالت کے موضوع پر خطبات جمعہ دیئے جبکہ نماز جمعہ کے بعد سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام مختلف شہروں لاہور ، کراچی ، فیصل آباد ،گوجرانوالہ ، کوئٹہ سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب صدیقی نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اظہار کے نام پر توہین رسالت ناقابل برداشت ہے۔ہم اپنے لہو سے ناموس رسالت کی پاسبانی کریں گے۔آزادی رائے کے چمپئن نفرت کی آگ بھڑکا رہے ہیں۔گستا خانہ خاکوں کی اشاعت پر او آئی سی اور عرب لیگ کیوں خاموش ہیں ۔ اسلام کی بنیاد عشق رسول ہے۔

سنی اتحاد کونسل پنجاب کے سیکرٹری جنرل مفتی محمد سعید رضوی نے سمندری میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغرب میںاسلام کی مقبولیت سے خوف زدہ ہوکر اسلام دشمن طاقتیں اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہیں ۔گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اسلام کے خلاف اعلان جنگ ہے۔شان رسالت پر حملہ پورے عالم اسلام پر حملہ ہے۔سنی اتحاد کونسل بلوچستان کے صدر مولانا محمد وزیر القادری نے کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی کمزوری کی وجہ سے مغرب کو توہین رسالت کی جرأت ہوئی ۔مسلم حکمران بزدلی چھوڑ کر گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف لائحہ عمل کا اعلان کریں۔

سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین سید جواد الحسن کاظمی نے چکوال میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تہذیبوں کے تصادم کو روکنے کیلئے انسداد توہین رسالت ضروری ہے۔حضور نبی اکرم سے لا محدود محبت ایمان کا تقاضا ہے۔سنی اتحاد کونسل لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شاد باغ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یورپ آزادی اظہار کی آڑ میں مسلمانوں کی دل آزاری کی پالیسی پر گامزن ہے۔فرانسیسی رسالے نے گستاخانہ خاکے شائع کرکے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح کئے۔ مسلم حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک ہے۔

یوم احتجاج کے موقع پر منڈی بہائوالدین میں صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی ،فیصل آباد میں صاحبزادہ حسن رضا ، مفتی محمد رمضان جامی ، گجرات میں صاحبزادہ مطلوب رضا ،گوجرانوالہ میں مولانا محمد اکبر نقشبندی ،پشاور میں مفتی فضل جمیل رضوی ،چنیوٹ میں مولانا محمد سیف سیالوی ،میانوالی میں منظور عالم سیالوی ، بھکر میں مولانا موسی طاہر ،کلورکوٹ میں مولانا غلام حسین رضوی نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کیا۔