روس نے ملکی میڈیا کو گستاخانہ مواد کی اشاعت سے روک دیا

Russia

Russia

ماسکو (جیوڈیسک) روسی میڈیا اور مواصلات کے نگراں ادارے نے ملکی میڈیا کو گستاخانہ خاکے چھاپنے سے باز رہنے کی تاکید کی ہے۔

نگراں ادارے ’روسکو منیڈزر‘ نے میڈیا کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کسی بھی مواد کی اشاعت ملکی قوانین اور صدیوں سے جاری روایات کی خلاف ورزی ہو گی۔ ادارے نے مزید کہاہے کہ مذہبی بنیاد پر گستاخانہ مواد شائع کرنے سے متاثرہ فریق کی توہین ہوتی ہے جس کے نتیجے میں ایسے افراد یا گروہوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ سکتا ہے جو فرقہ وارانہ اورمذہبی منافرت کو ہوا دینے کا باعث بن سکتا ہے اور یہ روسی قوانین کے مطابق قابل سزا جرم ہے۔

نگراں ادارے نے مزید کہاہے کہ ایسا کوئی بھی عمل روس کے میڈیا اور انسداد انتہا پسندی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہو گی۔ چنانچہ روس کے نشرو اشاعت کے ادارے ایسے کوئی بھی گستاخانہ مواد شائع کرنے سے سختی سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ روس نے چارلی ہیبڈو کے دفاتر پر حملے کی مذمت کی تھی اور روسی وزیر خارجہ نے پیرس میں یونٹی مارچ میں شرکت بھی کی تھی۔ ادھر روس میں مسلمانوں کے سب سے بڑے ادارے مفتی کونسل نے فرانس واقعے کی مذمت کے ساتھ یہ بھی کہاکہ کسی کے جذبات کو برانگیختہ کرنا بھی امن کے لیے یکساں خطرناک ہے۔