اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آئندہ 8دن میں پنجاب بھر میں پٹرول کی قلت کا مسئلہ حل ہوجائے گا، گھریلو صارفین کو گیس دینا اولین ترجیح ہے ، لاہور کے سوا پنجاب کے دیگر سی این جی اسٹیشن نہیں کھول سکتے۔
اسلام آباد میں جیونیوز سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایک جہاز کراچی بندرگاہ سے تیل سپلائی کر رہا ہے، پیر یا منگل کو ایک اور جہاز بندرگاہ پر پہنچ جائے گا، جنوری کے آخری ہفتے میں مزید دو جہاز تیل لے کر آ جائیں گے، آئندہ 8 دن میں پنجاب بھر میں پٹرول کی قلت کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔
شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ پارکو ریفائنری سے تیل کی سپلائی بحال ہوچکی ہے،گھریلو صارفین کو گیس فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ، اس لیے پنجاب بھر میں سی این جی اسٹیشن نہیں کھول سکتے، پنجاب میں گھریلو صارفین کی گیس کی طلب صوبے کی مکمل سپلائی سے زیادہ ہے، لاہور میں سی این جی اسٹیشن آزمائشی طور پر کھولے جا رہے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے بتایاکہ پنجاب میں پٹرول کی طلب 25 فیصد بڑھی ہے اور پٹرول سستا ہونے کے باعث زیادہ استعمال ہو رہا ہے، پی ایس او کی ادائیگیاں مقررہ وقت پر کی جا رہی ہیں اور پٹرول کی قلت کا پی ایس او کی ادائیگی سے کوئی تعلق نہیں۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پی ایس او 1600ارب روپے کا بزنس کرتی ہے اور اس میں ڈیڑھ سو ارب روپے سے زیادہ کے واجبات معمول کے مطابق سرکل میں رہتے ہیں تاہم اس کا پٹرول کی قلت سے کوئی تعلق نہیں ۔