لاہور (جیوڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک ہے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند چھائی ہوئی ہے۔ ملک بھر میں موسم کی سختی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ میدانی علاقوں میں یخ بستہ ہواؤں کا راج ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا جارہا ہے۔
پارا چنار اور استور کا درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈر، گوپس منفی 7، مالم جبہ اورہنزہ منفی 6، دیر اور گلگت منفی 5،کوئٹہ اور کالام منفی 4، دروش اور راولاکوٹ میں موسم کی شدت منفی 3 جبکہ چترال کا درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا جارہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسم کی شدت آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران برقرار رہے گی۔ میدانی علاقوں میں صبح اور شام کے وقت دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔