ضلعی بلدیات شرقی کی عدم توجہی کی وجہ سے پہلوان گوٹھ اور ملحقہ آبادیاں بلدیاتی مسائل کا گڑھ بن گیا

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنماء بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سابق مشاورتی کونسلر نور محمد انگریز نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ایسٹ کی عوامی مسائل سے عدم توجہی کے باعث پہلوان گوٹھ اور اس سے ملحقہ آبادیاں مسائل کا گڑھ بن چکی ہیں ،عرصہ دراز سے سڑکیں تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ کھنڈرات میں تبدیل اور کوڑا کرکٹ کے انبار کی وجہ سے پہلوان گوٹھ اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں مہلک امراض پھیلنے کا خطرہ بن چکا ہے ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے رہنماء نور محمد انگریز نے پہلوان گوٹھ کے علاقہ معززین زین الحسن طوری بنگش ،اصغر حسین طوری بنگش کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا

علاقہ معززین نے پہلوان گوٹھ میں بڑھتے ہوئے بلدیاتی مسائل خصوصاً پینے کے پانی کی عدم فراہمی ،سیوریج کے ابتر نظام پر توجہ دلاتے ہوئے کہاکہ پہلوان گوٹھ اور اس سے ملحقہ آبادیوں کے ساتھ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیاتی اداروں کا کردار انتہائی مایوس کن ہے علاقائی مسائل کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہوچکے ہیں اور ان کی داد رسی کرنے والا کوئی نہیں ہے ۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء نور محمد انگریز نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن سے اپیل کی ہے کہ پہلوان گوٹھ اور اس سے ملحقہ آبادیوں کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے توجہ دیتے ہوئے عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلائیں نور محمد انگریز نے کہاکہ پہلوان گوٹھ اور اطراف کی آبادیوں میں پانی اور سیوریج کی لائنیں انتہائی بوسیدہ ہوچکیں ہیں

جس کی وجہ سے گزشتہ 10سال سے علاقے میں پینے کے پانی کا شدید بحران ہے اور سیوریج کے ناقص نظام کی وجہ سے گلیوں اور محلوں خصوصاً درسگاہوں اور مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف سڑکوں پر گندے پانی کا جوہڑ موجود رہتا ہے جس کی وجہ سے اسکولوں کے بچوں اور نمازیوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے پیپلز پارٹی کے رہنما نور محمد انگریز نے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ پہلوان گوٹھ میں پینے کے پانی اور سیوریج کی نئی لائنوں کی تنصیب کی جائے۔