صفائی کے نظام کو بہتر اور بلدیاتی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچایا جائے،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی

کراچی (خصوصی رپورٹ) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے ضلع کورنگی میں سرکاری اراضی پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بلدیہ کورنگی کے شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زون کو ہدایت کی ہے کہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لئے فوری ایکشن پلان تیار کرکے اس کے خاتمے کو یقینی بنا یا جائے۔

ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے بلدیاتی افسران کے ہمراہ ضلع کورنگی کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی وستھرائی کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کی جانب سے جاری خصوصی مہم کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر بنا یا جائے اور بلدیاتی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے۔

انہوں نے محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی کہ وہ محکمانہ کار کردگی کو فعال بنائیں تجاوزات کے خاتمے اور اس کے قیام کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے ہدایت کی کہ عوامی مشکلات میں اضافے کا باعث اور علاقائی ترقی اور سہولیات کی فراہمی میں رکاوٹ بننے والے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کا فی الفور خاتمہ کیا جائے۔ایڈمنسٹریٹر کورنگی نے عوام سے بھی اپیل کی کہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کریں اور اس کے خاتمے کو یقینی بنا نے کے لئے بلدیاتی اداروں سے تعاون کیا جائے۔

Administrator Korangi Visite

Administrator Korangi Visite