لاہور (جیوڈیسک) صوبائی حکومت نے لاہور کے 700 سکولوں کے سکیورٹی انتظامات چیک کرنے کی ذمہ داری محکمہ بلدیات کو سونپ دی ہے قبل ازیں جوائنٹ ٹیم کی جانب سے صرف ساڑھے تین سو سکولوں کو چیک کیا جا سکا ہے۔سیکرٹری بلدیات سمیت ایڈیشنل سیکرٹریز، ڈپٹی سیکرٹریز اور لوکل گورنمنٹ کے ڈائریکٹرز کو سکولوں کی سکیورٹی چیک کرنے اور تفصیلی رپورٹ تیار کرنے پر لگا دیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم کا کام ملنے کے بعد محکمہ بلدیات کے اپنے امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ ڈی جی لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے افسران کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف لوکل گورنمنٹ انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم جو مقامی حکومتوں کی انکوائریوں اور نگرانی پر مامور ہے
سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی رپورٹس جمع کرنے سے فارغ ہوئی تھی کہ اس کو بھی سکولوں کی چیکنگ پر لگا دیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے ٹاؤنز کی سطح پر تفصیلات نہ ہونے سے ان افسران کو بھی سکولوں کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے۔ یاد رہے کہ پشاور سانحہ کی وجہ سے حکومت نے ملک بھر میں سکولوں کی سکیورٹی کے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کررکھی ہے۔